صوبائی وزیر بلال یاسین کا وارث روڈ زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ کا افتتاح

ایم ڈی واسا غفران احمد نے وزیر ہائوسنگ کو زیر زمین ٹینک کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی

جمعہ 28 مارچ 2025 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور کے بارشی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد کے ہمراہ وارث روڈ زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ کا افتتاح کیا، ایم ڈی واسا غفران احمد نے صوبائی وزیر ہائوسنگ کو زیر زمین ٹینک کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ، وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وارث روڈ زیر زمین واٹر ٹینک منصوبہ546 ملین کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

اس منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ 15 لاکھ گیلن بارشی پانی کو محفوظ کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی تکمیل سے قبل بارش سے وارث روڈ سے ملحقہ آبادی متاثر رہتی تھی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوام الناس کے مسائل کے فوری حل کیلئے وسائل فراہم کیے۔وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے منصوبے کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بروقت مکمل کرنے کی ہدایات دیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تعمیراتی کام میں اعلی معیار اور جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ طویل المدتی فوائد فراہم کر سکے۔منصوبے کے دوران مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے متبادل انتظامات بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔