ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالہ سے اجلاس

جمعہ 28 مارچ 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی نور علی خان کاکڑ کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالہ سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالحمیدلہڑی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال، پی پی ایچ آئی کے اہلکار ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہادر شاہ ناصر، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر عبدالرحیم نیازی، ڈی ایس پی پولیس ، فشریز، محکمہ جنگلات، سول سوسائٹی اور علماء کرام سمیت دیگر اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں گزشتہ انسدادِ پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے ہر بچے تک پہنچائے جائیں، خصوصاً انکاری والدین کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں معذوری جیسے خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اجلاس کے دوران یونین کونسلز، لورالائی ٹاؤن ساؤتھ اور سنٹرل میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور ان کی مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے تمام بچوں کو بروقت اور لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اجلاس میں گزشتہ پولیو مہم کے دوران سامنے آنے والے چیلنجز اور غیر تسلی بخش کارکردگی والے یونین کونسلز کے مائیکرو پلان، انچارجز اور آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

خاص طور پر تمام یونین کونسلز میں حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نور علی خان کاکڑ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور محنت کی جائے، والدین کو آگاہی فراہم کی جائے اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔