عائشہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "مہمان رحمت" کے عنوان سے خصوصی افطار ڈنر کا انعقاد، افراد باہم معذوری و معذور بچوں کی شرکت

جمعہ 28 مارچ 2025 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) معاشرے کے معذور افراد اور بچوں کی حوصلہ افزائی اور خدمت ، ہمدردی اور انسانی اقدار کو فروغ دینے کےلیے عائشہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "مہمان رحمت" کے عنوان سے ایک خصوصی افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں افراد باہم معذوری ،معزور بچوں نے والدین کے ساتھ اور سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سمیع اللہ تھے جبکہ انکے ہمراہ دیگر مہمانان میں سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی عائشہ بانو اور معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار، روباب مہدی بھی موجود تھیں۔ فائونڈیشن کی چئیرپرسن طیبہ بتول نے تمام مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں شرکت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور فاؤنڈیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

عائشہ بانو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور اور بے سہارا بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیں نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ معاشرتی سطح پر بھی مل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں ان بچوں کے لیے تعلیم، صحت، اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔روباب مہدی نے خصوصی افراد کے قانونی حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لیے ہمیں ان کے حقوق کا مکمل تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔

ہمیں ان کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع بڑھانے ہوں گے تاکہ وہ خودمختار زندگی گزار سکیں۔ سماجی خدمت حقیقی کامیابی کا راز ہے، اور ہمیں اس نیک کام کو مزید وسعت دینی چاہیے. تقریب میں نمایاں سماجی خدمات انجام دینے والے افراد اور ٹیم ممبران کو خصوصی ایوارڈز اور شیلڈز دی گئیں تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے، سال 2024 کےلیے ڈاکٹر غیور خان ، علی حسن اورعبدالرحیم اور سیدہ لائبہ جواد کو بہترین رضاکارانہ خدمات پر ایوارڈ دیاگیا، ثانیہ صفیر کو بہترین انٹرن ایوارڈ، مدیحہ کی والدہ کو بہترین ماں کا ایوارڈ جبکہ آفتاب خان کو بہترین والد کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔