پہلا ون ڈے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے ہرا دیا

بابر اعظم اور سلمان آغا کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آسکیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 مارچ 2025 11:12

پہلا ون ڈے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے ہرا دیا
نیپئر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مارچ 2025ء ) 3 میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے ہرا دیا۔ 
نیپیئر میں کھیلے جارہے تین میچوں کی میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی اننگز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر عثمان خان اور عبداللہ شفیق نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم عثمان 39 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بعد ازاں عبداللہ شفیق بھی 88 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 36 رنز بنائے۔

 
کپتان محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کیلئے 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضوان وکٹ گنوا بیٹھے۔

(جاری ہے)

دیگر کھلاڑیوں میں طیب طاہر، حارث رؤف اور عاکف جاوید نے ایک ایک رنز بنائے جبکہ عرفان خان نیازی اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹے۔ 

بابر اعظم نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ سلمان آغا 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔

 
نیوزی لینڈ کی جانب سے نتھین اسمتھ نے 4، جیکب ڈفی نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں میزبان نیوزی لینڈ کی 3 وکٹیں 50 رنز پر گر گئیں۔ ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 199 رنزکی شراکت داری بنائی۔

اس دوران مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
اس کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ 
پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے2،2، نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید، محمد علی اور عثمان خان ڈیبیو کررہے ہیں۔