بابر اور رضوان کو بتادیا کہ کہاں بہتری درکار ہے: عاقب جاوید

نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کی فٹنس کے مسائل پہلے تھے لیکن اب دونوں باقاعدگی سے بولنگ کر رہے ہیں : ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 جولائی 2025 14:41

بابر اور رضوان کو بتادیا کہ کہاں بہتری درکار ہے: عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جولائی 2025ء ) ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو بھی بتایا ہے کہ کہاں بہتری درکار ہے، دونوں سینئر کھلاڑی ہیں ان سے ہر طرح سے بات ہوئی ہے کہ اگر کوئی کمی ہے تو کیسے بہتر بنانا ہے۔ 
سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے آخری روز آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ چھ سات روز میں کسی کی غلطیاں تو درست نہیں کرتے لیکن کھلاڑیوں کو بتایا جاتا ہے کہ ان سے کیا درکار ہے۔

 
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ کھلاڑیوں کا کوچز سے پہلے مرحلے تعارف ہوا، تیسرے مرحلے میں زیادہ تر شاہینز کے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے انگلینڈ جانا ہے۔ 
عاقب جاوید نے کہا کہ شاہینز نے آسٹریلیا جانا ہے ان کی تیاری ہو گی اس کے ساتھ ریڈ بال کے پلیئرز کی بھی تیاری ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ کا مقصد یہی تھا کہ آف سیزن میں کھلاڑی ایکشن میں رہیں اور یہ سلسلہ یہاں ختم نہیں ہو گا اس کے دو اور پروگرام ہوں گے۔

 
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ آل راؤنڈرز اور پیس باؤلرز کو ہم نے بڑھانا ہے کیمپس کا مقصد بھی یہی ہے اور یہ سلسلہ اکتوبر تک جاری رہے گا اور تمام کھلاڑیوں کو موقع ملے گا یہ سلسلہ یہاں نہیں رکے گا سب کو اسکلز بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ 
عاقب جاوید نے کہا کہ نسیم شاہ کی فٹنس کا مسئلہ تھا لیکن اب وہ باقاعدگی سے باؤلنگ کر رہے ہیں ایسا ہی کچھ محمد وسیم کے ساتھ ہے وہ بھی کیمپ میں بولنگ کر رہے ہیں۔

 
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ چیمپئین شپ کا نیا سرکل شروع ہو رہا ہے اس میں پاکستان کے بہت چانسز ہیں، ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھاتی ہے۔ 
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ سب کو سمجھنا ہو گا کہ آل فارمیٹ میں ہماری صورتحال اچھی نہیں ہے لہٰذا کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے، بنگلہ دیش بھی اپنے ملک میں اچھا کھیلتی ہے۔ 
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ ینگسٹر ہو یا سینئر ہو پاکستان کے لیے بیسٹ آپشن کو کھلانا ہے، ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ایشین کنڈیشنز میں ہونا ہے 200 پلس رنز کرنا پڑیں گے اسی کے مطابق اپنے آپشنز کھیلنا استعمال کرنا ہے۔

 
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی دو سیریز ہیں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز، ان سیریز میں آپ کو اپنے مختلف آپشنز دیکھیں گے حارث روف بھی کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔ 
ویسٹ انڈیز کی بھی ہماری ہر طرح کی تیاری ہے، 8 تاریخ سے شروع ہونے والے کیمپ میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی دونوں کھلاڑی شامل ہیں، ویسٹ انڈیز سیریز کا جو بھی فیصلہ ہو اس کے مطابق ٹیم کا اعلان ہو گا اور قومی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔