Live Updates

وفاق کو خیبرپختونخوا کیخلاف بیان بازی کی بجائے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانا چاہئیں

وفاق ہمیں دہشتگردی کا ذمہ داربھی ٹھہراتا ہے اور فنڈزبھی پاس رکھے ہوئے ہے، تنظیم سازی کے ماہر کسی وزیر کی غلاظت بھری پریس کانفرنسز سے دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی، مشیراطلاعات کےپی بیرسٹر ڈاکٹرسیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 29 مارچ 2025 19:49

وفاق کو خیبرپختونخوا کیخلاف بیان بازی کی بجائے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2025ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق کو خیبرپختونخوا کیخلاف بیان بازی کی بجائے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانا چاہئیں، وفاق ہمیں دہشتگردی کا ذمہ داربھی ٹھہراتا ہے اور فنڈزبھی پاس رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امید ہے کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خط کا مثبت جواب دیں گے، وفاقی حکومت واقعی امن و امان کے مسئلے میں سنجیدہ ہے تو این ایف سی اجلاس جلد از جلد بلائے، امن امان کا قیام سنجیدہ اقدامات سے ہوگا، تنظیم سازی کے ماہر کسی وزیر کی غلاظت بھری پریس کانفرنسز سے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی، قبائلی اضلاع کی ترقی پورے ملک میں امن و امان کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وفاق ایک طرف خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے جبکہ دوسری طرف فنڈز اپنے پاس رکھے ہوئے ہے، غیر آئینی طور پر وفاق کا فنڈ روکنے سے ضم شدہ اضلاع میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں، لہٰذا فنڈز بھی خیبر پختونخوا کو ہی ملنے چاہئیں، خیبر پختونخوا، وفاق کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں ضم شدہ اضلاع کے فنڈز استعمال کر سکتا ہے، ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی عمل تیز کرنے سے دہشت گردی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت محدود وسائل کے باوجود دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے، اگر ضم شدہ اضلاع کو ان کا جائز حصہ ملے تو وہاں کی محرومیاں دور کی جا سکتی ہیں۔ وفاق کو خیبر پختونخوا کے خلاف بیان بازی کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ مزید برآں مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی عمران خان کے ایک اور وژن کو عملی جامہ پہنانے بعد 2 مقامات کو عالمی حیثیت اور پہچان مل گئی، گلیات اور چترال بشقار گرم چشمہ کو یونیسکو کا بایوسفیئر ریزرو کا درجہ حاصل ہوا ہے، یونیسکو یہ درجہ ان قدرتی علاقوں کو دیتا ہے جہاں جنگلی حیات، جنگلات، دریاؤں اور دیگر ماحولیاتی نظام کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے، یہ مقامات نہ صرف قدرتی حسن اور حیاتیاتی تنوع  کے لحاظ سے اہم ہیں بلکہ یہاں مقامی آبادی فطرت کے ساتھ ہم آہنگ زندگی گزارتی ہے،یہ سنگ میل ماحول کے تحفظ، پائیدار ترقی اور سائنسی تحقیق کے فروغ میں ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانے کے حکومتی عزم کا ثبوت ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کو محفوظ بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہیں۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا عمران خان کے وژن پر عمل پیرا ہے،یونیسکو کا خیبرپختونخوا کے قدرتی حسن کے مقامات کو عالمی تحفظ کی فہرست میں شامل کرنا اعزاز کی بات ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات