قرآن ہر مسئلے کا حل پیش کرتا ہے مدثر انصاری،ڈاکٹر نورالحق

ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے جماعت اسلامی سائٹ غربی کے تحت مسجد دارالسلام میں ختم قرآن تراویح کا پروگرام

ہفتہ 29 مارچ 2025 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء) جماعت اسلامی سائٹ غربی کے تحت دفتر ضلع جامع مسجد دارالسلام میں گزشتہ شب تراویح میں ختم قرآن کے موقع پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے امیر ڈاکٹر نورالحق، جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر مولانا مدثرحسین انصاری، قیم ضلع سائٹ غربی راشد خان، ناظم مالیات گوہر الرحمن سمیت دیگر ضلع ذمے داران و کارکنان، اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا مدثر حسین انصاری نے کہا کہ قرآن وہ نور ہے جو تاریک دلوں کو روشن کر دیتا ہے،جو قرآن سے جڑ گیا، وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہو گیا،قرآن مجید کا ایک ایک حرف رحمت، برکت اور شفا ہے۔

یہ وہ دستورِ حیات ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

قرآن کے بغیر زندگی ایک بے سمت کشتی کی مانند ہے،یہ واحد کتاب ہے جس کی تلاوت بھی عبادت، سننا بھی عبادت اور اس پر عمل کرنا جنت کی ضمانت ہے۔قرآن ہر زمانے میں، ہر قوم کے لیے، ہر مسئلے کا حل پیش کرتا ہے۔ہمارے مسائل کا حل بھی یہی قرآن کریم ہے جب تک اس ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوتا اس وقت تک ترقی و خوشحالی کی باتیں حقیقت نہیں ہوسکتیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے ظالمانہ و فرسودہ نظام کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

ڈاکٹر نورا لحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن سیکھنا اور سکھانا دنیا کا سب سے افضل عمل ہے،جو قرآن پر عمل کرے گا، دنیا اس کے قدموں میں ہوگی اور آخرت اس کے لیے جنت ہوگی۔قرآن علم، حلم اور عمل کی دولت سے مزین کرتا ہے،یہ وہ کتاب ہے جس کے الفاظ بدلتے نہیں، لیکن زندگی بدل دیتے ہیں۔یہ کتابِ ہدایت ہے، جو ہر گمراہ کو راہِ راست دکھاتی ہے،جو قرآن کو مضبوطی سے تھام لے، وہ کبھی بھٹک نہیں سکتا۔او ر جو قرآن کو دل میں اتار لیتا ہے، وہ دنیا کے غموں سے آزاد ہو جاتا ہے۔ہم سب کی ذمے داری ہے کہ قرآن کریم سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور پوری زندگی سمیت اس ملک میں نافذ کرنے کے لیے عملی جدوجہد کریں۔