حافظ حسین احمد سنجیدہ اور زیرک سیاستدان تھے ،خدمات کوفراموش نہیں کیا جاسکتا،سیدال خان ناصر

ہفتہ 29 مارچ 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی جامعہ مطلع العلوم آمد، حافظ حسین احمد کی وفات پر تعزیت، سیاسی و مذہبی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے جامعہ مطلع العلوم پہنچ کر سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کی وفات پر ان کے جانشین فرزند حافظ منیر حسین احمد سے تعزیت کی، اس موقع پر حافظ زبیر احمد، حافظ محمود احمد، ظفر حسین بلوچ بھی موجود تھے، اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے حافظ حسین احمد کی سیاسی و مذہبی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حسین احمد سنجیدہ اور زیرک سیاستدان تھے جن کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ جامعہ مطلع العلوم وہ درسگاہ ہے جہاں سے بڑے سیاسی و مذہبی رہنما نکلے، حافظ حسین احمد ملک کے نامور سیاستدان تھے انہوں نے ہمیشہ ملک میں آئین و جمہوریت کی بحالی اورنظام مصطفیٰ کے لیے خدمات انجام دیں، جے یو آئی کی قیادت ہو یا قومی اسمبلی و سینٹ میں موجود علماء کرام کی اکثریت اسی مدرسہ جامعہ مطلع العلوم سے تعلیم حاصل کرچکے ہیں، حافظ حسین احمد نے بلوچستان کے حقوق، ترقی و امن کے لیے لگن و بڑی شائستگی کے ساتھ جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ مولانا عرض محمد اور حافظ حسین احمد کی بلوچستان و ملک کے لیے جدوجہد کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حریف میں یاد رکھا جائے گا۔