صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، عید صفائی پلان کا جائزہ لیا گیا

ہفتہ 29 مارچ 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران پنجاب بھر میں صفائی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز اور صوبہ بھر کے میونسپل افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو صفائی کی بلاتعطل خدمات مہیا کرنے کے لئے متعلقہ میونسپل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی نے عید کے دنوں میں پنجاب بھر میں صفائی کا خصوصی پلان بنانے کا حکم دیا ہے چنانچہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور کنٹریکٹرز فیلڈ میں صفائی کے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ابھی آوٹ سورسنگ نہیں ہوئی وہاں میونسپل اداروں کا عملہ عید صفائی پلان میں اپنا کردار ادا کرے۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ ''ستھرا پنجاب پروگرام'' کے افتتاح کے بعد یہ پہلی عید ہے لہذا عوامی توقعات پر پورا اترنا بہت ضروری ہے۔ ویسٹ انکلوژرز اور عارضی کولیکشن پوائنٹس سے کوڑے کی بروقت منتقلی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ عید تعطیلات کے دوران اچانک دورے کروں گا۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ کسی سستی یا کوتاہی پر ایکشن لیا جائے گا۔ پنجاب کو ستھرا صوبہ بنانے کا وزیراعلی کا ویژن ہر صورت میں کامیاب بنائیں گے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہیلپ لائن اور ستھرا پنجاب ایپ پر موصولہ شکایات پر بروقت ایکشن لیا جائے۔

ہم شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، اپنے اپنے علاقوں میں میڈیا کو بھی تمام اقدامات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز اور چیف افسروں سے کہا کہ وزیر بلدیات کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ عید صفائی پلان کا ڈیٹا بروقت مرکزی کنٹرول روم کو بھجوایا جائے۔

متعلقہ عنوان :