صادق آباد میں درزی کی دکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کے سوٹ جل کر راکھ ہوگئے

دکان کو آگ لگی دیکھ کر دکان مالک دھاڑیں مارکر روتا رہا، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 12:08

صادق آباد میں درزی کی دکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کے سوٹ جل کر راکھ ..
صادق آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) پنجاب کے شہر صادق آباد میں درزی کی دکان میں آتشزدگی سے شہریوں کے عید کے لاکھوں روپے مالیت کے سینکڑوں نئے سوٹ جل کر راکھ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں سجاول روڈ پر لکڑمنڈی چوک کے قریب درزی کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، درزی کی دکان میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، درزی کی دکان میں ہونے والی آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کے نئے سوٹ جل کر خاکستر ہوگئے، دکان کو آگ لگی دیکھ کر دکان مالک دھاڑیں مارکر روتا رہا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی جدوجہد کے بعد دکان پر لگی آگ پر قابو پا لیا۔

دوسری طرف کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں گہری کھدائی کے دوران بھڑک اٹھنے والی آگ پر 31 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، گزشتہ روز مقامی کنسٹرکشن کمپنی ٹیوب ویل کے لیے 1100 فٹ سے زیادہ گہرائی پر بورنگ کررہی تھی کہ اس دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی اور آگ کی شدت بدستور برقرار ہے، ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں بعد ازاں کوشش کی گئی کہ گڑھے کو مٹی بھر کر آگ بجھا دی جائے لیکن کوئی کامیابی حاصل نہ ہوئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے فائر آفیسر ہمایوں احمد کا کہنا ہے کہ زمین سے میتھین گیس بہت پریشر سے نکل رہی ہے، اس وقت گیس کا جو دباؤ ہے اگر اُسے بجھانے کی کوشش کی گئی تو گیس علاقے میں پھیل جائے گی اور علاقہ مکینوں کو متاثر کرے گی، گیس کے پریشر میں کمی آنے پر ہی آگ پر قابو پایا جاسکے گا، ایسی آگ پر قابو پانے میں دو سے تین دن بھی لگ جاتے ہیں۔