پنجاب حکومت نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مریم نواز کے نام سے منسوب کردیا

پی ٹی آئی دور حکومت میں شروع ہونیوالے طبی ادارے کا نیا نام ’مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز‘ رکھ دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جون 2025 17:20

پنجاب حکومت نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مریم نواز کے نام سے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2025ء ) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے ایک اور ادارے کا نام تبدیل کرتے ہوئے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کے نام سے منسوب کردیا گیا، جس کے بعد آئندہ سے اس طبی ادارے کا نیا نام ’مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز‘ رکھ دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں قائم کیا جانے والا یہ ادارہ جناح ہسپتال لاہور کے سامنے تعمیر کیے جانے والے جناح ٹراما سینٹر منصوبے کی اپ گریڈیشن ہے، جس کا آغاز پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے 4 سال قبل کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں اس منصوبے کو تبدیل کرتے ہوئے امراض قلب کی ایک جدید علاج گاہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کا نام جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی رکھا گیا، تاہم اب مسلم لیگ ن کی موجودہ پنجاب حکومت نے اس ادارے کو وزیراعلیٰ مریم نواز سے منسوب کرتے ہوئے اس کا نیا نام مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ صحت کے شعبے کے لیے سرانجام دی جانے والی خدمات کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے، تاہم حکومت کے ناقدین اور اپوزیشن کی طرف سے اس فیصلے کو یہ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نام کی جگہ ادارے کو ایک سیاسی شخصیت کے نام سے جوڑدیا۔