صاحبزادہ فرحان ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سنگل ایڈیشن میں 600 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے

صاحبزادہ فرحان نے ایک ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا فخر زمان کا قومی ریکارڈ توڑا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 30 مارچ 2025 15:07

صاحبزادہ فرحان ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سنگل ایڈیشن میں 600 رنز بنانے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2025ء ) پشاور کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سنگل ایڈیشن میں 600 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ 
حال ہی میں ختم ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں صاحبزادہ فرحان نے 7 میچز میں 121 کی اوسط اور 189.65 کے سٹرائیک ریٹ سے 605 رنز سکور کیے جس میں 3 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

29 سالہ صاحبزادہ فرحان اب 106 ٹونٹی ٹونٹی میچز کی 101 اننگز میں 34.45 کی اوسط اور 135.94 کے سٹرائیک ریٹ سے 3135 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 5 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 
صاحبزادہ فرحان نے ایک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا فخر زمان کا قومی ریکارڈ توڑا۔ فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ 2022ء کے ایڈیشن میں 13 اننگز کھیل کر 588 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

 
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے اس فہرست میں تیسری سے پانچویں پوزیشن تک اپنے نام کی ہوئی ہے، بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ 2019ء میں 578 رنز، پی ایس ایل 2024ء میں 569 رنز اور پی ایس ایل 2021ء میں 554 رنز سکور کیے تھے۔ 
اس ٹورنامنٹ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 5 سنچریاں مکمل کرنیوالے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا، وہ کم ترین ٹونٹی ٹونٹی اننگز میں 5 سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔

 
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان محض 54 اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں پہلے، شرجیل خان 136 اننگز میں 5 سنچریاں مکمل کرکے تیسرے، بابر اعظم 167 اننگز میں 5 سنچریاں سکور کرکے چوتھے، احمد شہزاد 208 اننگز میں 5 سنچریاں مار کر پانچویں جب کہ کامران اکمل 231 اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں ۔ 
پشاور کی نمائندگی کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے قومی ٹی ٹونٹی کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بنایا، اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ صاحبزادہ فرحان کے نام ہی تھا، صاحبزادہ فرحان نے پچھلے سیزن میں 12 اننگز میں 492 رنز بنائے تھے۔