صدر بیرونی پولیس نے راولپنڈی سے اغواء شہری کو صوابی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا

اتوار 30 مارچ 2025 17:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) صدر بیرونی پولیس نے راولپنڈی سے اغواء شہری کو صوابی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ اغواء کاروں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایک اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مغوی عباس علی رواں ماہ 4 تاریخ کو اپنے گھر سے دوستوں کے ساتھ افطاری کا بتا کر گیا جو واپس نہیں آیا۔

فیملی نے تلاش کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد پولیس کو رپورٹ کی جس پر اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس سے اغواء کاروں کا سراغ لگا کر صوابی میں ریڈ کیا اور مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ریڈ کے دوران اغواء کاروں کی پولیس پر فائرنگ سے سب انسپکٹر ہارون حیات شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مغوی کا ملزمان کے ساتھ رقم کا تنازعہ تھا۔ مقدمہ کے اندراج کے ایک دن کے اندر خطرناک ملزمان سے مغوی کی بحفاظت بازیابی اور اغواء کار کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔