ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان، عید الفطر کل ہوگی

اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 18:56

ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان، عید الفطر کل ہوگی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا گیا اور عید الفطر کل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد چاند نظر آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی جہاں چاند دیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوہسار بلاک کی چھت پر جدید آپٹیکل ٹیلی سکوپ نصب کی گئی جو سپارکو حکام کی جانب سے فراہم کی گئی۔

ریسرچ رویت ہلال کونسل کا کہنا تھا کہ شوال کا چاند گزشتہ روز 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پایا، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے تھی، جس کی وجہ سے چاند انسانی آنکھ سے بھی آسانی سے نظر آنے کا امکان تھا جب کہ محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر آنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زیادہ ہوگی، چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب اور کئی خلیجی ریاستوں میں آج عید الفطر پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، سعودی عرب میں عید الفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصیٰ میں منعقد ہوئے، مسجد الحرام میں نماز عید کی امامت الشیخ عبدالرحمن السدیس نے کی جب کہ مسجد نبوی ﷺ میں نمازعید شیخ عبداللہ کی امامت ادا کی گئی جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی، عیدالفطر کے خطبے کے بعد عالم اسلام کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، اسی طرح فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے مسجد الاقصیٰ میں عید کی نماز ادا کی، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین سمیت زیادہ تر خلیجی ممالک میں آج عید ہے، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور ترکیہ میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔