چاند رات اور عید الفطر پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ

ہوائی فائرنگ میں ملوث اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، علی امین خان گنڈاپور کا حکم

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 20:20

چاند رات اور عید الفطر پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے، وزیراعلیٰ ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین خان گنڈاپور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی ہے یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے، ہوائی فائرنگ ایک قانونی جرم اور معاشرتی برائی ہے جو کسی کی عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام الناس اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لیے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنائیں، جس کے لیے چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے انسانی جان و مال کے نقصانات کو روکنا ہے، اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا گیا اور عید الفطر کل ہوگی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد چاند نظر آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی جہاں چاند دیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوہسار بلاک کی چھت پر جدید آپٹیکل ٹیلی سکوپ نصب کی گئی جو سپارکو حکام کی جانب سے فراہم کی گئی۔