نئے مالی سال کے آغاز پر پہلے ہی دن سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

ہنڈریڈ انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ، نئے ریکارڈ کے ساتھ مارکیٹ نئی بلند ترین سطح کو چھوگئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 11:07

نئے مالی سال کے آغاز پر پہلے ہی دن سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال 2025/26ء کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے آغاز میں ہی بینچ مارک کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب آیا اور انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 1721.41 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 27 ہزار 348.72 کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا جو 1.37 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے کیوں کہ آج کاروبار شروع ہوتے ہی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی طرف سے بھرپور خریداری دیکھی گئی جن میں آٹو موبائل سمبلرز، کمرشل بینکنگ، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے شامل ہیں، حبکو (HUBCO)، ماری پیٹرولیم (MARI)، پی آر ایل (PRL)، پی او ایل (POL)، ایم سی بی (MCB)، میزان بینک (MEBL) اور نیشنل بینک (NBP) کی سبز نشان میں ٹریڈنگ دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2024/25ء کے اختتام پر بھی زبردست تیزی کے ساتھ دن مکمل کیا، یہ تیزی مالی سال کے اختتامی سرمایہ کاری فلو، ادارہ جاتی سرگرمیوں میں اضافے اور بیرونی مالیاتی معاونت کی خبروں کے باعث ممکن ہوئی جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور گزشتہ روز مارکیٹ بند ہونے تک کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 1 لاکھ 25 ہزار 627.31 پوائنٹس پر بند ہوا جو مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح تھی۔