پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی

پاکستان کا یہ سلامتی کونسل میں آٹھواں دور ہے اور صدارت کا اعزاز 2013ء کے بعد پہلی بار حاصل ہوا

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 10:53

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) پاکستان نے آج یکم جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا یہ سلامتی کونسل میں آٹھواں دور ہے جب کہ صدارت کا اعزاز اسے 2013ء کے بعد پہلی بار حاصل ہوا ہے، پاکستان نے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنا موجودہ دو سالہ دور جنوری 2025ء میں شروع کیا تھا جو دسمبر 2026ء تک جاری رہے گا اگرچہ سلامتی کونسل کی صدارت ماہانہ بنیاد پر بدلتی ہے اور اسے براہِ راست انتظامی اختیارات حاصل نہیں ہوتے، تاہم صدارت کا حامل ملک کونسل کے ایجنڈے، مباحثوں کے انداز اور ترجیحات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 22 جولائی کو تنازعات کے کثیرالجہتی حل پر عالمی کانفرنس بھی ہوگی، ایسے وقت میں جب سلامتی کونسل غزہ اور یوکرین جیسے معاملات پر مفلوج دکھائی دیتی ہے، پاکستان کی سفارتی قیادت عالمی سطح پر خاص توجہ حاصل کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی تناظر میں کثیرالطرفہ سفارتی نظام پر عوامی اعتماد کمزور ہو رہا ہے، ایسے میں پاکستان کی قیادت خواہ محدود مدت کے لیے ہی کیوں نہ ہو اقوامِ عالم کی نظریں اپنی جانب مرکوز کرنے میں کامیاب رہی ہے، اسلام آباد اس موقع کو عالمی امن و سلامتی کے فروغ، فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات پر آواز بلند کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔