پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر (آج) ہے

اتوار 30 مارچ 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، پاکستان میں عیدالفطر (آج)پیر کو ہے ۔ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے حکام شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، کئی جگہوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں لاہور، قصور، شیخوررہ اور گوجرانوالہ شامل ہیں، لہذا ملک بھر میں عیدالفطر (آج)بروز پیر 31 مارچ کو ہے۔اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملکی ترقی و استحکام اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی دعا کی۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کررکھا ہے۔