ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری کا ڈسٹرکٹ جیل ،چلڈرن ہسپتال اور شہباز شریف ہسپتال کا دورہ

پیر 31 مارچ 2025 13:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر قیدیوں کی ملاقات انکے پیاروں سے کرانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں،ڈسٹرکٹ جیل ملتان کی انتظامیہ نے عید الفطر پر قیدیوں کیلئے مثالی انتظامات کئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان نے عید الفطر کے روز یہاں ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں سے عید ملی۔

ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے اور انہیں عید کی مبارک دی،تحائف اور مٹھائیاں ملنے پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد علی بخاری نے کہا ضلعی انتظامیہ عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی خوشیوں میں شریک ہے،عید الفطر کے موقع پر قیدی اپنی اصلاح اور مثبت رویوں کے عزم کا اعادہ کریں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے چلڈرن ہسپتال اور شہباز شریف ہسپتال کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر بیمار بچوں سے عید ملے، بچوں میں مٹھایاں اور تحائف تقسیم کئے اور انہیں عید کی مبارک دی۔محمد علی بخاری نے بچوں کے والدین کو دلاسہ دیا اور انکی صحت یابی کیلئے دعا مانگی۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے محمد علی بخاری نے کہا کہ عید الفطر پر اپنے پیاروں کے ساتھ دکھی انسانیت کو بھی خوشیوں میں شریک کریں،ضلعی انتظامیہ بیمار بچوں کی مکمل کفالت کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔