وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی عید الفطر پر مبارکباد ،اتحاد،شفقت پر زور

پیر 31 مارچ 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الفطر کی روحانی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے امت مسلمہ اور پوری قوم کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے پیر کو جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی نے عید الفطر کو شکرانے کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن رمضان کے مقدس مہینے کے بعد الہی نعمتوں کی تکمیل کا دن بھی ہے۔

انہوں نے مسلم کمیونٹی کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے محبت، ہمدردی اور رواداری کی اقدار کو اپنانے کی اپیل بھی کی۔انہوں نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پسماندہ افراد کو یاد رکھیں اور ضرورت مندوں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خوشی کے موقع پر ہمیں ضرورت مندوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور انہیں اپنی تقریبات میں شامل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے قوم کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کا احترام ک رتی ہے۔ انہوں نے شہدا خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے محفوظ اور پرامن عید کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے لوگوں کو اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ آئیے ہم ایک مضبوط ، متحد قوم اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا عہد کریں۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ اللہ قوم کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :