ابوظہبی کی معیشت میں 3.8 فیصد سالانہ اضافہ، نان آئل شعبہ 54.7 فیصد حصہ کے ساتھ بلند ترین سطح پر

پیر 31 مارچ 2025 13:40

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) ابوظہبی کی معیشت میں 3.8 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے جس میں نان آئل شعبہ 54.7 فیصد حصہ دار ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق شماریات مرکز ابوظہبی نے 2024 کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے ابتدائی تخمینے جاری کیے ہیں، جن کے مطابق امارت کی معیشت نے نان آئل شعبے کی قیادت میں نمایاں سالانہ ترقی حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کی حقیقی جی ڈی پی میں 2024 کے دوران 3.8 فیصد اضافہ ہوا، جو 1.2 ٹریلین درہم کی تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی،اس میں نان آئل شعبے کا حصہ 6.2 فیصد اضافے کے ساتھ 644.3 ارب درہم رہا، جو کل جی ڈی پی کا 54.7 فیصد بنتا ہے،یہ نان آئل شعبے کی سب سے بڑی سالانہ شراکت ہے۔ شماریات مرکز ابوظہبی کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ غریب القمزی نے کہا کہ نان آئل سرگرمیوں کی 54.7 فیصد جی ڈی پی شراکت امارت کے سرمایہ کار دوست ماحول اور کاروباری مواقع کی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

2024 میں ابوظہبی کی معیشت کے مختلف غیر تیل شعبہ جات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مینوفیکچرنگ شعبے نے 111.6 ارب درہم کی قدر کے ساتھ 2.7 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا اور جی ڈی پی میں 9.5 فیصد حصہ ڈالا۔ تعمیراتی شعبے کی کارکردگی بھی مضبوط رہی، جس نے 107.4 ارب درہم کی مالیت اور 11.3 فیصد اضافے کے ساتھ 9.1 فیصد جی ڈی پی میں حصہ ڈالا۔ مالیاتی اور انشورنس شعبہ 10.7 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ 77.8 ارب درہم تک پہنچا، اور اس کا حصہ 6.6 فیصد رہا۔

انفارمیشن اور کمیونیکیشن شعبے کی مالیت 32.2 ارب درہم رہی، جس میں 6.6 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا اور یہ جی ڈی پی میں 2.2 فیصد کا حصہ رہا۔ ہول سیل اور ریٹیل کے شعبے نے بھی اپنی بلند ترین سطح 62.7 ارب درہم حاصل کی، جو 2.2 فیصد اضافہ اور 5.3 فیصد جی ڈی پی حصہ ظاہر کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج شعبہ 16.9 فیصد کی شاندار شرح نمو کے ساتھ 27.8 ارب درہم تک پہنچ گیا اور اس کا مجموعی حصہ 2.4 فیصد رہا۔

ریئل اسٹیٹ سیکٹر نے 41.7 ارب درہم کی قدر اور 4.2 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ 3.5 فیصد جی ڈی پی میں حصہ ڈالا۔ تعلیم کے شعبے نے 20.4 ارب درہم کی بلند ترین سطح حاصل کی، جس میں 2.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ صحت کے شعبے کی قدر 17 ارب درہم رہی، جو 4.1 فیصد کی سالانہ شرح نمو کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ تمام اعداد و شمار ابوظہبی کی پائیدار اور متنوع معیشت کی کامیاب پالیسیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔2024 کی آخری سہ ماہی میں ابوظہبی کی جی ڈی پی میں 4.4 فیصد جبکہ نان آئل جی ڈی پی میں 6.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو مسلسل 54.7 فیصد کی بلند سطح پر قائم ہے۔