ناڑہ پولیس نے ایک کارروائی میں 5 سالہ بچہ کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا

بدھ 2 اپریل 2025 12:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) ایبٹ آباد کی تھانہ ناڑہ پولیس نے ایک کارروائی میں 5 سالہ بچہ کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ ناڑہ کی حدود دیوال میں شہزاد ولد یونس کے پانچ سالہ بچہ عباد ولد شہزاد کو ڈنڈے مار کے قتل کرنے والے بلال ولد حیدر زمان کو گرفتار کر کے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302 پی پی سی مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تفتیش کے بعد پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے اقدامات اٹھا رہی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل تین سالہ معصوم بچہ کو دیوال میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا جس کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ اس واقعہ میں دیوال والے حیدر زمان مرحوم کے بیٹے بلال نے ڈنڈے کے وار سے معصوم بچہ کی جان لے لی، اس ظالمانہ قتل کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

پولیس موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ دوسری جانب اہلِ علاقہ نے اس بربریت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مجرم کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعہ سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ مجرم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔