رواں مالی سال میں ترسیلات زر محصولات 36ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع

جمعرات 3 اپریل 2025 11:40

رواں مالی سال میں ترسیلات زر محصولات 36ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) رواں مالی سال میں ترسیلات زر محصولات 36ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے ،جاری مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں 32.5فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2025 میں ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر کی وصولیوں میں 15فیصد کی بڑھوتری سے محصولا ت کا حجم 3.5ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ فروری 2025 میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 3.11ارب ڈالرپاکستان بھجوائے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 میں ترسیلات زر کے محصولات کا حجم 2.95ارب ڈالر جبکہ مارچ 2023میں 2.5ارب ڈالر رہا تھا۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی اے پی) کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کےلئے حکومت نے بیرون ملک سے ترسیلات زر کی وصولیوں کا ہدف 35ارب ڈالر مقرر کیا ہے تاہم ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے دوران ہونے والی ماہانہ بڑھوتری کی شرح کے مطابق مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کے محصولات 36ارب ڈالر سے بڑھنے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کی وصولیوں میں ہر ماہ مسلسل اضافے کا رجحان ہے اور توقع ہے کہ یہ رجحان برقرار رہے گا اورمالی سال کے اختتام تک ترسیلات محصولا ت کے ہدف سے زیادہ وصولیوں ہونگی۔ دوسری جانب سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ترسیلات زر محصولات کا حجم 23.96ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 18.06ارب ڈالر کی ترسیلات کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تافروری کے دوران ترسیلات زر کے محصولات میں 5.9ارب ڈالر یعنی 32.5فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام تک ترسیلات کی وصولیاں 30.2ارب ڈالر رہی تھیں۔ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کے دوران متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر کے محصولات میں 56فیصد کی بڑھوتری سے وصولیوں کا حجم 4.85ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔ اسی طرح سعودی عرب سے رقوم کی وصولی میں 34.6فیصد اضافہ ہوا ہے اور آٹھ ماہ کے دوران 5.89ارب ڈالر کی وصولیا ں ہوئی ہیں۔395