عیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد بھی شوگراں میں سیاحوں کا رش، مانسہرہ پولیس عوامی خدمت کیلئے الرٹ

جمعرات 3 اپریل 2025 13:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) عیدالفطر کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بھی مانسہرہ کے سیاحتی مقام شوگراں میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

قدرتی حسن سے مالا مال اس مقام پر سیاحوں کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر پولیس کے افسران و جوان الرٹ ہیں اور عوام کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ سیاحوں کیلئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، سکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے مانسہرہ پولیس کے خصوصی دستے تعینات ہیں۔ پولیس اہلکار سیاحوں کی رہنمائی، ٹریفک کی منظم بحالی اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں۔