مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح تین دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7فیصد پر آگئی

ملک میں مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ بھی وزارت خزانہ کے تخمینوں سے کم رہی‘ادارہ شماریات

جمعرات 3 اپریل 2025 18:21

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)ملک میں مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ بھی وزارت خزانہ کے تخمینوں سے کم رہی، مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح مزیدکم ہوکر 0.96فیصد پر آگئی۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی، فروری 2025میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 1.52فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جولائی تا مارچ اوسط مہنگائی کی شرح 5.25فیصد رہی، فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 0.89 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں شہروں میں مہنگائی میں 0.78فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی شرح میں 1.05فیصد اضافہ ہوا، مارچ میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 1.16فیصد رہی جبکہ دیہات میں مہنگائی کی شرح 0.02 فیصد ریکارڈکی گئی۔

(جاری ہے)

بروکریج فرم ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے بتایا کہ مارچ 2025میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 0.7فیصد پر آگئی ہے، جو تین دہائیوں کی کم ترین سطح ہے۔

مزید بتایا کہ فروری 2025ء میں افراط زر کی شرح 1.5فیصد تھی جبکہ مالی سال 2025کے ابتدائی 9ماہ کے دوران مہنگائی بڑھنے کی اوسط رفتار 5.25فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 27.06 فیصد رہی تھی۔یاد رہے کہ وزارت خزانہ نے مارچ کے مہینے کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3سے 4فیصد کے درمیان لگایا تھا۔

متعلقہ عنوان :