فیصل آباد ڈویژن بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر لمپی سکن ڈزیز کی روک تھام کیلئے چیک پوسٹیں قائم

جمعرات 3 اپریل 2025 19:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر لمپی سکن ڈزیز (گلٹی دار جلدی بیماری) کی روک تھام کے لئے چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کوئی بھی متاثرہ جانور داخل نہ ہو سکے۔ ڈویژن فیصل آباد میں کل 23 جن میں سے ضلع جھنگ میں 8، ضلع فیصل آباد میں 7جبکہ ضلع چنیوٹ اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 4،4 چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

ان چیک پوسٹوں پر محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ24 گھنٹے ڈبل شفٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے اور دوسرے اضلاع سے آنے والے جانوروں کو چیچڑ/مکھی مار سپرے کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ڈویژن میں قائم کی گئی ،مختلف چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات ویٹرنری عملے کی حاضری چیک کی ،اس کے علاوہ وہاں پر موجود ادویات کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں انہوں نے ٹرک مالکان سے بھی گزارشات کیں کہ وہ جہاں پہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے چیک پوسٹیں لگائی گئی ہیں وہاں پر اپنی گاڑی کو لازمی طور پر روکیں اور وہاں پر موجود سٹاف سے اپنے جانوروں کو چچڑ/مکھی مار سپرے لازمی کروائیں۔اس حوالے سے سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک نے لمپی سکن ڈزیز کی پہلی لوکل ویکسین تیار کر لی ہے اور محکمہ لائیو سٹاک اس بیماری پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اورمحکمہ لائیو سٹاک نے لمپی سکن ڈزیز کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔

مویشی پال حضرات کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے باڑوں میں حفظان صحت کو برقرار رکھیں، علامات کی نگرانی کریں اور بیماری آنے کی صورت میں محکمہ لائیو سٹاک کے اے ڈی ڈی ار ایس ایپ سسٹمADDRS info App کے ذریعے آن لائن بیماری کی اطلاع دیں۔