Live Updates

صنعت زاروں کی بہتری کے لیے اہم اجلاس، جدید تقاضوں کے مطابق اپگریڈیشن پر زور

جمعرات 3 اپریل 2025 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے تحت صنعت زاروں کی بہتری اور اپگریڈیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس صنعت زار لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب طارق قریشی نے کی۔

اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور متعلقہ تھنک ٹینک کے افراد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صنعت زاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر یہ تجویز دی گئی کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے 1979 کے مینول کو اپگریڈ کیا جائے تاکہ صنعت زاروں کو موثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام رجسٹرڈ ورکرز کی تربیت مکمل ہونے کے بعد ان کا فالو اپ کیا جائے گا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ وہ صنعت زاروں کی بہتری کے لیے کوئی عملی قدم اٹھا رہے ہیں یا انہیں کسی قسم کے بجٹ یا معاونت کی ضرورت ہے۔

مزید برآں، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعت زاروں کو مزید موثر انداز میں چلانے کے لیے متعلقہ قانون سازی متعارف کرائی جائے گی۔اجلاس کے بعد سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر نے افسران کے ہمراہ صنعت زار لاہور کا دورہ کیا اور وہاں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صنعت زاروں کی بہتری کے لیے مزید اصلاحات پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :