وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ،آن دی گو بازارمنصوبے کی منظوری

جمعرات 3 اپریل 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیراعلی مریم نواز نے اپنی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سہولت آن دی گو بازارمنصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے سہولت آن دی گو پائلٹ پراجیکٹ کے لئے چار ماہ کا ہدف مقررکردیا ہے، سہولت آن دی گو بازار کے لئے روڈ کے اطراف میں سرکاری اراضی استعمال میں لائی جائے گی۔ لاہور میں سہولت آن دی گو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 816 سٹال بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سہولت آن دی گو بازار ملتان روڈ،ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹائون، مون مارکیٹ اور بیدیاں روڈ پر قائم ہوں گے۔اسی طرح ای ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ، شادمان اور سنگھ پورہ بھی شامل ہیں۔ سہولت آن دی گو بازار میں روڈزکے اطراف میں یکساں طرز کے کاٹیج ٹاپ شاپس پر اشیاء خورونوش اور اشیاء ضروریہ دستیاب ہونگی، سہولت آن دی گوبازار میں صاف ستھرا ماحول اور سکیورٹی کا خاص اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں سہولت آن دی گوپراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی کو پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین محمد افضل کھوکھر نے ماڈل بازار پر رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلی مریم نوازنے رمضان میں لگنے والے ماڈل بازار پر اطمینان کا اظہار کیا۔