لاہور،ریسکیواورمقامی افراد کی بروقت کارروائی ،قاسم والا جنگل میں لگنے والی آگ پربروقت قابو پالیا گیا

آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی جس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات نے فوری ایکشن لیا، پھکووال بلاک نمبر 1 کی آگ پر رات 10 بجے اور بلاک نمبر 2 کی آگ رات بھر کی کوششوں کے بعد صبح 9 بجے بجھا دی گئی، ترجمان محکمہ جنگلات مریم اورنگزیب نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیکر رپورٹ طلب کرلی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 اپریل 2025 11:57

لاہور،ریسکیواورمقامی افراد کی بروقت کارروائی ،قاسم والا جنگل میں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اپریل 2025)ریسکیو1122، مقامی افراد کی بروقت کارروائی سے لاہور میں قاسم والا جنگل میں لگنے والی آگ پربروقت قابو پانے سے بڑا سانحہ ٹل گیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیکرواقعہ کی 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی،واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا،تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات کے ترجمان کاکہنا ہے کہ آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی جس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات نے فوری ایکشن لیا۔

پھکووال بلاک نمبر 1 کی آگ پر رات 10 بجے مکمل قابو پا لیا گیا جبکہ بلاک نمبر 2 کی آگ رات بھر کی کوششوں کے بعد صبح 9 بجے بجھا دی گئی۔آگ پر قابو پانے میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائی نے بروقت کارروائی کی جس کے باعث صرف چند ایکڑ جھاڑیاں اور 45 چھوٹے درخت متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

100 سے زائد اہلکاروں اور افسران نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا۔

محکمہ جنگلات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جنگل میں آگ نامعلوم شخص کی لاپرواہی کے باعث لگی جس کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قاسم والا جنگل میں آتشزدگی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت کے نتیجے میں بروقت کارروائی ممکن ہوئی۔

آگ بجھانے میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں اور افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ 24 گھنٹوں میں طلب کر لی گئی ہے تاکہ اس واقعے کے محرکات اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگل میں آگ لگانے والے نا معلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

اس حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کرے گی تاکہ قدرتی وسائل کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔سینئر وزیر نے آگ بجھانے میں حصہ لینے والے تمام فیلڈ سٹاف کی حوصلہ افزائی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ایسے بہادر اہلکاروں کی خدمات کو تسلیم کیا جائے گا جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر آگ پر قابو پایا۔