مقبوضہ کشمیر : بی جے پی حکومت سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،رپورٹ

مقبوضہ علاقے کی حقیقی زمینی صورتحال کو بے نقاب کرنے پر200سے زائد کشمیریوں کے اکائونٹس کو معطل کر دیاگیا ہے

جمعہ 4 اپریل 2025 14:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق آج مودی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے کالے قوانین کابے دریغ استعمال کر رہی ہے۔

بھارتی قابض حکام نے مقبوضہ کشمیرمیں سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل کریک ڈائون جاری رکھا ہوا ہے، مقبوضہ علاقے کی حقیقی زمینی صورتحال کو بے نقاب کرنے پر200سے زائد کشمیریوں کے اکائونٹس کو معطل کر دیاگیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سچ سامنے لانے پر لوگوں کوہراساں اور گرفتارکیا جاتا ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارت منظم طریقے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا کو سنسر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کو محض اپنے سیاسی خیالات کا اظہار کرنے پر جبری طور پر گرفتار اور جیلوں میں قید کیاجاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق بشمول پر امن احتجاج، جلسے، جلوس اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ مقبوضہ کشمیرکے ہر کونے میں خوف اور جبر کا ماحول قائم ہے اور مقبوضہ علاقے کو ایک خاموش جیل میں تبدیل کر دیاگیا ہے، جہاں اختلاف رائے کی کوئی گنجائش نہیں۔تاہم رپورٹ میں واضح کیاگیاہ کہ کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کوہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔