9 مئی مقدمات، عدالت نے پی ٹی آئی رہنماءشاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں ضمانت منظو ر کرلی

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائرہ نورین نے تھانہ کینٹ میں درج تین مقدمات میں ایک لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اپریل 2025 13:15

9 مئی مقدمات، عدالت نے پی ٹی آئی رہنماءشاہ محمود قریشی کی تین مقدمات ..
ملتان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اپریل 2025)ملتان کی عدالت نے 9مئی کے جلاﺅ گھیراﺅ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں ضمانت منظور کرلی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائرہ نورین نے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات کے کیسوں کی سماعت کی،دوران سماعت عدالت میں شاہ محمود قریشی کو جیل سے واٹس ایپ ویڈیو کال پر لیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے ایڈووکیٹ ضمیر حسین سنڈھل نے عدالت میں دلائل پیش کئے۔عدالت نے تھانہ کینٹ میں درج تین مقدمات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ کینٹ میں جلاو گھیراوکے تین مختلف مقدمات درج ہیں جن میں شہریوں کو مشتعل کرنے، حملوں کی ترغیب دینے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی تھانہ ریس کورس، راحت بیکری اور عسکری ٹاور جلاو گھیراو کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماوں شاہ محمود قریشی، سینیٹر اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کردی تھی۔تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیاتھا،عدالت نے مقدمات کے گواہوں کو 17 مارچ کو گواہی کیلئے طلب کر لیاتھا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے جیل میں کیس کی سماعت کی تھی دوران سماعت ملزمان کو جیل میں قائم کردہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزم کی جانب سے سینئر قانون دان برہان معظم ملک اور رانا مدثر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔ملزمان کے خلاف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں جیل ٹرائل کیا جا رہا تھا۔ قبل ازیں بھی 9 جنوری 2025 کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان کے باہر جلاو گھیراو کرنے پر شاہ محمود قریشی،یاسمین راشد اور صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔