Live Updates

نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات محض افواہ، اڈیالہ جیل جانے کی باتوں میں حقیقت نہیں‘اسحاق ڈار

ہفتہ 5 جولائی 2025 18:35

نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات محض افواہ، اڈیالہ جیل جانے کی باتوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے پارٹی قائد نواز شریف کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات محض افواہ ہے، سابق وزیراعظم کی اڈیالہ جیل جانے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے،پیپلزپارٹی مشکل وقت کی ساتھی ہے، اچھے وقت میں ساتھ نہیں چھوڑیں گے، اتحادی جماعت نے وزارتیں لینے کے لیے کوئی بات نہیں کی، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ایران کا سفارتی سطح پر ساتھ دیا، جس پر ایران نے پاکستان کو سچا دوست قرار دیا،بھارت نے جنگ شروع کی، 80ڈرون بھیجے تو اس کے 6طیارے مار گرائے اور اسے سبق سکھا دیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ کے مزار کو غسل دینے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف،صدر مملکت آصف علی زرداری، قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے داتا دربار کی تزئین و آرائش کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اگلے غسل سے پہلے داتا دربار کا تمام کام مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 31مئی 1999ء کو اس منصوبے کا پہلا افتتاح نوازشریف نے کیا تھا اور اب یہ منصوبہ مکمل ہونے جا رہا ہے۔ گنبد کو بلند کر دیا گیا ہے جبکہ مسجد میں مدینہ منورہ طرز کی چھتریاں بھی نصب کی جائیں گی، جس کی باقاعدہ اجازت وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دے دی ہے۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف دن رات محنت کررہے ہیں اور ہمیں بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

بھارت کے ساتھ جنگی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے فضائی جنگ کا آغاز کیا لیکن پاکستان نے چھ طیارے مار گرائے۔ بھارت نے 36گھنٹوں میں 80ڈرون بھیجے جن کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔پاکستان نے کو بھارت کو وہ سبق سکھایا جو ہمیشہ یاد رکھے گا۔پاکستان بھارت کی جارحیت کے خلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر اللہ کے حضور سر بسجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت سے نوازا اور بھارت کے خلاف فتح عطا کی، پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ اسے ہمیشہ یاد رہیگا، ہم ملک میں دہشت گردی کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دو سال کے لیے رکن منتخب کیا گیا ہے، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

ایران سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران پر مشکلات کے دوران پاکستان نے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ایران کا سفارتی سطح پر ساتھ دیا، جس پر ایران نے پاکستان کو سچا دوست قرار دیا۔ ایرانی پارلیمنٹ میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگے۔ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا جنگی ایجنڈا نہیں، ہم امن و سلامتی اور خطے کے استحکام کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا اصل ایجنڈا اقتصادی بہتری ہے، جس پر دن رات کام ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان سے دو ارب ڈالر کا معاہدہ کیا گیا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، شرح سود 22فیصد سے کم ہو کر 11فیصد پر آ گئی ہے اور ترقی کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ جبکہ عوام کی فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کی بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی تردید کی اور کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات محض افواہ ہے، سابق وزیراعظم کی اڈیالہ جیل جانے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کسی قسم کی وزارت یا خواہش کا اظہار نہیں کیا، وہ اتحادی جماعت ہے اور مشکل وقت میں ساتھیوں کو نہیں چھوڑا جاتا۔ دونوں جماعتوں کا اتحاد ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، افواہوں اور اسپانسرڈ خبروں سے گمراہ نہیں ہونا چاہیے۔ تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاک بھارت جنگ کے موقع پر پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوئی، جس کی آواز دنیا بھر میں سنی گئی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن چاہے خیبرپختونخوا میں ہو یا کسی بھی صوبے میں، اس کا خاتمہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا لیکن وقت پر فیصلے نہ لیے جاتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔

اب زر مبادلہ کے ذخائر 14ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے دہشتگردی کے خطرات پر بھی بات کی اور بتایا کہ 30دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ پاک بھارت سیز فائر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانات سے گھبرانے والے نہیں، پہلے بھی کامیاب ہوئے، آئندہ بھی کامیابی ہماری ہوگی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عام ویزوں کے معاملے کو بہتر کیا جا رہا ہے جبکہ مذاکرات سات آٹھ ماہ سے چل رہے ہیں اور درخواست ہے کہ بلیو پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی خصوصی رسائی دی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات