مظفرآباد، بھارتی وزیر داخلہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کیخلاف دارالحکومت میں احتجاج کیا جائے گا،چیئرمین پاسبان حریت

کشمیری عوام 5 اگست 2019 کے مجرمانہ کردار والے شخص کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،عزیر احمد غزالی

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء) بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کیخلاف دارالحکومت میں احتجاج کیا جائے گا۔ بھارت جان لے فوجی جبر، گرفتاریوں اور گولیوں سے جموں کشمیر کے عوام کو غلام بنانے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ 7اپریل بروز سوموار بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف دارالحکومت مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت ایک قابض، غاصب اور بدترین سامراج کی حیثیت سے کشمیر میں موجود ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ہی جموں کشمیر کے عوام سے انکی ریاست، شناخت، شہری و سیاسی حقوق چھینے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ دلی کے حکمران اور امیت شاہ کشمیری عوام کو دس لاکھ فوجیوں اور کالے قوانین کے تحت دباؤ میں لانے کی تمام تر کوششوں میں مکمّل ناکام ہوچکے ہیں۔

ریاست کے عوام 5 اگست 2019 کے مجرمانہ کردار والے شخص کو کشمیر آمد پر صرف اور صرف نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے کہ وہ کشمیری عوام کو بندوق کی نوک پر غلام بنانے کی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ کشمیری عوام نام نہاد جمہوری چہرے میں لپٹے دنیا کے بدترین سامراج کی دہشتگردی کا مقابلہ جرات کے ساتھ کر رہے ہیں۔

انہوں نے ریاست جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہیکہ عہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوران سوشل میڈیا پر EndIndianOccupation# مہم کا حصہ بن کر بھرپور انداز میں آواز اٹھا کر کشمیر کے نہتے شہریوں پر بھارتی جبرواسبتداد کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے دارالحکومت مظفراباد کے شہریوں سے اپیل کی ہیکہ وہ سات اپریل دن 10 بجے سینٹرل پریس کلب کے سامنے ہند مخالف احتجاج میں شرکت کو یقینی بنائیں۔