مظفرآباد کے مضافاتی قصبہ اور تجارتی مرکز گڑھی دوپٹہ سے افغانیوں کا انخلاء ممکن نہ بنایا جاسکا

افغانیوں کی بڑی تعداد نے گڑھی دوپٹہ میں غیر قانونی طورپر رہائشیں اختیار کررکھی ہیں

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:17

مظفرآباد/گڑھی دوپٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)دارالحکومت مظفرآباد کے مضافاتی قصبہ اور تجارتی مرکز گڑھی دوپٹہ سے افغانیوں کا انخلاء ممکن نہ بنایا جاسکا،قانونی اور غیر قانونی طورپر مقیم افغانیوں کی ملک بدری کے اقدامات جاری ہیں جبکہ مختلف علاقوں سے افغانیوں کے انخلاء کاعمل جاری ہے لیکن گڑھی دوپٹہ سے افغانیوں کا انخلاء ممکن نہیں ہوسکا۔

افغانیوں کی بڑی تعداد نے گڑھی دوپٹہ میں غیر قانونی طورپر رہائشیں اختیار کررکھی ہیں ان افغانیوں کے پاس مہاجر کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی نہیں،گڑھی دوپٹہ پولیس افغانیوں کو تحفظ مہیا کررہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی وسماجی راہنمائوں خواجہ عامر،حسنین کاظمی،طارق علی عثمانی،راجہ یاسر علی،محمود مغل،عرفان ستی اور دیگر نے کہا کہ اسوقت گڑھی دوپٹہ اور مضافات میں افغانیوں کی بڑی تعداد غیر قانونی طورپر مقیم ہے۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طورپر مقیم افغانیوں کے انخلاء کے لیے گڑھی دوپٹہ کی انتظامیہ اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی بلکہ افغانیوں کو تحفظ مہیا کیا جارہا ہے۔گڑھی دوُٹہ اور مضافات میں افغانیوں نے بڑے پیمانے پر غیر قانونی کاروبار شروع کررکھے ہیں،افغان تاجروں کے روپ میں سمگل شدہ اشیاء فروخت کرتے ہیں اور پھیری کے کاروبار بھی کررہے ہیں ،گڑھی دوپٹہ جو کہ ایک تجارتی مرکز ہے یہاں افغانیوں نے سمگل شدہ اشیاء کی فروخت کا دھندہ شروع کررکھا ہے۔

سکریپ کا کاروبار کرنے والے افغانیوں پر بجلی کے ٹرانسفارمر،بجلی کی تاریں،ٹیلی فون کی تاریں چوری کرنے کے بھی الزامات ہیں لیکن پولیس نذرانے کے عوض افغانیوں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی۔گڑھی دوپٹہ پولیس کے لیے افغانی کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں جو ماہانہ بنیادوں پر پولیس کو بھاری رقومات دیتے ہیں۔رشوت کے عوض مقامی پولیس افغانیوں کو تحفظ مہیا کرتی ہے اس وقت افغانیوں کی بڑی تعداد گڑھی دوپٹہ اور مضافات میں موجود ہے لیکن افغانیوں کے انخلاء کے لیے مقامی سطح پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی،مقامی سیاسی وسماجی قیادت نے اعلیٰ عسکری قیادت اور ارباب اختیار سے گڑھی دوپٹہ میں افغانیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :