شہری کے اندھے قتل میں ملوث پانچ ملزمان گرفتار

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) تھانہ سٹی جلالپور پولیس نے شہری کے اندھے قتل میں ملوث پانچ ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ہفتہ کے روز یہاں ایس پی صدر ڈویژن شمس الدین اور ڈی ایس پی جلالپور پیر والا میاں عبد الرؤف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ سٹی جلالپور کی حدود چاہ یوسف والا میں 24 مارچ 2025 ءکو50 سالہ شہری ریاض حسین سعیدی کے اندھے قتل کا دلخراش واقعہ پیش آیا،جس پرمقتول کے بیٹے محمد غضنفر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دیکر ملوث ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔

سی پی او نے مزید بتایا کہ تھانہ سٹی جلال پور پیر والا پولیس نے شہری ریاض حسین کے اندھے قتل میں ملوث پانچ ملزمان جن میں محمد نادر، محمد جمیل، شہناز بی بی، آسیہ بی بی اور عامر شامل ہیں کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

سی پی او نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ اور بلائنڈ مرڈرکیس تھا جس میں ابتداءمیں کوئی سراغ موجود نہیں تھاتاہم پولیس ٹیموں نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، لگن اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں موقف اختیار کیا کہ مقتول پیری مریدی کا کام کرتا تھا اور شہناز بی بی اور آسیہ بی بی مقتول کے پاس تعویز لینے کیلئے گئیں ،مقتول نے ان کی نازیباویڈیوز بنا ئیں اور ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے بھاری رقم کا مطالبہ کیا،دونوں خواتین نے یہ بات محمد نادر اور محمد جمیل کو بتائی جس کے بعدملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت 24 مارچ 2025ء کو مقتول ریاض حسین کو تعویز دینے کے بہانے گھر سے چک نمبر 184 ایم بلایا اور اس کا موبائل فون چیک کیا جس میں بلیک میلنگ کی ویڈیوز موجود تھیں۔

ملزمان نے رومال سے گلا گھونٹ کر ریاض حسین کو قتل کرکے مقتول کی لاش کو چاہ یوسف والا کے علاقہ میں ٹھکانے لگایا۔ گرفتار ملزمان میں شامل ملزم محمد عامر نے لاش کو ٹھکانے لگانے کیلئے گاڑی فراہم کی۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا کہ کیس کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔