مانسہرہ ،منشیات فروشوں ،پولیس کے درمیان مقابلہ ،ایک ملزم زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:10

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)مانسہرہ تھانہ صدر کی حدود میں منشیات فروشوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ایک ملزم زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود کوٹکے میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش بلال عرف بالی ولد شکیل سکنہ حراڈ میرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

چند روز قبل اسی علاقے میں منشیات فروشوں کے ایک گروہ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل طاہر زخمی ہو گیا تھا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ نے ڈی ایس پی سٹی جاوید خان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

خصوصی ٹیم نے مختلف زاویوں سے تفتیش، چھاپہ زنی اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج مخبر خاص کی اطلاع پر جب پولیس پارٹی نے کوٹکے میں چھاپہ زنی عمل میں لائی تو ملزم بلال عرف بالی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان بچائی۔ دوران فائرنگ بلال عرف بالی اپنے ہی ساتھی کی گولی سے زخمی ہو گیا جسے ایک عدد 30 بور پستول سمیت گرفتار کر کیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی تلاش میں پولیس کا سرچ آپریشن اور تفتیش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔زخمی حالت میں گرفتار شدہ منشیات فروش پر متعدد مقدمات درج ہیں جس میں تھانہ صدر میں مقدمہ علت نمبر 496/24 جرم 9DCNSA ، مقدمہ علت نمبر 883/23 جرم 337A1/354 ، مقدمہ علت نمبر 242/24 جرم 9DCNSA 15AA ، مقدمہ علت نمبر 9675/24 جرم 9DCNSA/15AA اور تھانہ سٹی میں مقدمہ علت نمبر 02/24 جرم 11ACNSA شامل ہیں۔