سیکرٹری صحت کا گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانولہ کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمودنے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانولہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پرسپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی بھی ہمراہ تھے جبکہ پرنسپل گوجرانولہ میڈیکل کالج بھی موقع پر پہنچ گئے۔سیکرٹری صحت پنجاب نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے فیڈ بیک لیا۔

دورہ کے دوران ہسپتال میں ادویات کی فراہمی، ڈاکٹرز کی حاضری، وزیر اعلیٰ شکایت سیل و دیگر شعبہ جات میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق موقع پر پیشنٹ کیئر بارے اورہسپتال میں ڈیوٹی روسٹرم نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادویات کی فراہمی کی الیکٹرانک فہرست نہ ہونے پر ایم ایس کو متعلقہ افسران سے باز پرس کی ہدایت کی۔

سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایمرجنسی میں پبلک ایڈریس سسٹم فعال نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکیااورلواحقین کے لئے کرسیوں وبنچوں کی فی الفور فراہمی کا حکم دیا اور کہاکہ جاری ہدایات پر عملدرآمد کی رپورٹ شام تک پیش کی جائے ۔ سیکرٹری صحت نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،کوشش ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں،مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔