بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی نہ ہونے کا انکشاف

وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عارضی ہونے کا اعتراف کر لیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 5 اپریل 2025 19:52

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی نہ ہونے کا انکشاف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اپریل 2025) بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی نہ ہونے کا انکشاف، وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عارضی ہونے کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 7 روپے کمی کرنے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر توانائی کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی قیمت میں 7.41 روپے کمی کا ریلیف عارضی ہے، وفاقی وزیر نے بنیادی ٹیرف میں کمی نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی ٹیرف کے بارے میں فل الحال کوئی پیشنگوئی نہیں کرسکتا۔ بجلی سستی کیے جانے کے حوالے اویس لغاری کا کہنا ہے کہ اس کمی کی پائیداری کا انحصار فوری اصلاحات پر ہوگا۔

(جاری ہے)

بجلی کی قیمت میں 7.41 روپے کمی کے حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کے مقابلے میں 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی اپریل سے جون تک 3 ماہ کے لیے ہوگی، جب کہ مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی کے لیے مزید 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ منفی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق بھی انہی 3 ماہ کے لیے ہوگا۔

ایک روپے 36 پیسے فی یونٹ منفی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں سے 46 پیسے فی یونٹ کا اطلاق ایک ماہ (اپریل) کے لیے ہوگا، جب کہ بقیہ 90 پیسے اپریل سے جون تک برقرار رہیں گے۔ حکومت کو تیسری سہ ماہی کے لیے ایک روپے فی یونٹ کی مزید کٹوتی کی بھی توقع ہے۔ باقی ایک روپیہ 42 پیسے فی یونٹ کا دعویٰ 5.98 روپے فی یونٹ کٹوتی سے پیدا ہونے والے کم سیلز ٹیکس کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔

یوں یہ تمام ایڈجسٹمنٹس ملا کر مجموعی طور پر بجلی کی قیمت میں 7.41 روپے کمی ہو گی، جو کہ بنیادی ٹیرف کے علاوہ ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف ریلیف صرف تین ماہ کے لئے دیا گیا ہے جب کہ اس میں لائف لائن صارفین کے لیے کچھ بھی فائدہ نہیں ہے۔ موجودہ حکومت کا پیش کردہ عارضی پیکیج دراصل پی ٹی آئی حکومت کے سرمائی پیکیج کی نقل ہے، مگر اس سے نہ صنعت، نہ زراعت اور نہ ہی عوام کو کوئی حقیقی فائدہ ملنے والا ہے۔ حکومت کا ریلیف پیکیج پیٹرولیم لیوی، منفی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور سیلز ٹیکس کے بوجھ سے جڑا ہوا ہے، جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :