حکومت گلگت بلتستان کا خطے میں سرکاری اداروں میں شفافیت کو فروغ دینے اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں بہتری لانے کے عزم کا اعادہ

اتوار 6 اپریل 2025 20:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) حکومت گلگت بلتستان نے خطے میں سرکاری اداروں میں شفافیت کو فروغ دینے اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں بہتری لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور اس ویژن کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نامی ادارے کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا مقصد ہی شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے ۔ محکمہ اطلاعات گلگت کے مطابق عوامی خزانے سے خرچ ہونے والے فنڈز عوام کے فلاح و بہبود کیلئے ہوتے ہیں جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اس ادارے کے اولین مقاصد میں شامل ہے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ روزِ اول سے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے میں مصروف عمل ہے۔ واضح رہے کہ یہ ادارہ گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2017 اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ رولز 2019 کے تحت تفویض کردہ اختیارات اور ذمہ داریوں کے مطابق کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا بنیادی مقصد خطے کو بدعنوانی سے پاک کرنا اور حکومتی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے قانونی اختیارات کی حدود میں رہتے ہوئے مفاد عامہ کے منصوبے کی تکمیل اور سرکاری فنڈز کے صیح مصرف کو یقینی بنانے کے لئے جگلوٹ میں گریٹر واٹر سپلائی سکیم کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی ہے جو کہ اپنے مقررہ وقت میں مکمل ہونے کی بجائے اب تک نامکمل ہے۔ گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مینڈیٹ اور قانونی دائرہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سکیم کی انتہائی غیر جانبداری سے جانچ پڑتال کی ہے۔

تحصیل جگلوٹ کے کچھ عناصر کی طرف سے پریس کانفرنس میں گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل پر جانبداری کا الزام حقائق کے منافی ہے اور اس بات کی غمازی ہے کہ کچھ عناصر کے ذاتی مفاد کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جانچ پڑتال کے عمل سے نقصان پہنچ رہا ہے ۔ گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ رولز 2019ادارے کو یہ مینڈیٹ دیتے ہیں کہ وہ مفاد عامہ کے سلسلے میں پبلک فنڈز سے تعمیر ہونے والے کسی بھی منصوبے میں عدم شفافیت، تاخیر اور کسی بھی طرز کی خرابی کو جانچنے کے لئے باقاعدہ انکوائری اور تحقیق کرسکتا ہے۔

گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ رولز 2019 میں تفویض کردہ اختیارات کے تحت ادارہ کسی بھی شکایت پر ازخود نوٹس کا اختیار رکھتا ہے اور ماضی میں بھی کئی مفاد عامہ کے حوالے سے ازخود نوٹس لیئے جا چکے ہیں۔سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض افراد کی جانب سے ماضی میں بھی کرپٹ عناصر کو بچانے کی خاطر سرکاری انکوائریز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن گلگت بلتستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کسی بھی جانب داری اور دباؤ سے بالاتر ہوکر مکمل شفافیت کے ساتھ سرکاری فنڈز اورعوامی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کےعزم پر کاربند ہے۔