Live Updates

طویل عرصے سے روپوش پی ٹی آئی رہنما مراد سعید منظر عام پر آگئے

سابق وفاقی وزیر نے نشتر ہال پشاور میں ورکرز کنونشن کے دوران ویڈیو لنک سے خطاب کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 اپریل 2025 20:52

طویل عرصے سے روپوش پی ٹی آئی رہنما مراد سعید منظر عام پر آگئے
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے طویل عرصے سے روپوش رہنما مراد سعید منظر عام پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں مطلوب اور اس کے بعد سے مسلسل روپوش رہنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید بالآخر منظر عام پر آ چکے ہیں، انہوں نے نشتر ہال پشاور میں ورکرز کنونشن کے دوران بڑی سکرین پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، ورکرز کنونشن میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکن شریک ہوئے جنہوں نے اپنے رہنما کے خطاب پر جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، اس دوران مراد سعید نے اپنے خطاب میں پارٹی کارکنوں کو احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نہیں بھولے اور نہ ہی ان ہزاروں کارکنوں کو بھولے ہیں جو جیلوں میں قید ہیں، حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کی بہنوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی جو کہ افسوسناک ہے، اگر عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں ملتی تو منتخب اراکین اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کو سپورٹ کریں، کارکنوں کو ایک بار پھر تحریک کے لیے منظم اور متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز میں مسلسل غیر حاضری پر پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، اس سلسلے میں اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیسز پر سماعت کی، پی ٹی آئی وکیل سردار مصروف خان عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا جب کہ واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت متعدد غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے، جس کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دستیاب ملزمان کی حاضری کے بعد دونوں کیسز پر مزید سماعت ملتوی کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات