غزہ پٹی کا انتظام سنبھالنے کے مصر کے نئے منصوبے کیلئے ملاقاتیں جاری

حماس نے جنگ کے بعد کے دن کے حوالے سے لچک دکھائی ہے،ذرائع

پیر 7 اپریل 2025 11:40

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ماہ سے دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں امن بحال کرنے کے لیے مصری کوششیں جاری ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق باخبر ذرائع نے اطلاع دی کہ قاہرہ نے جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس تجویز کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں جس پر ایک باخبر فلسطینی ذریعے نے کہا کہ حماس کو پیش کیے جانے والے ایک قدم کے بارے میں افواہیں غلط تھیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حماس نے جنگ کے بعد کے دن کے حوالے سے لچک دکھائی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ الفتح کا وفد اب بھی مصری حکام سے اگلے دن کے انتظامات کے بارے میں ملاقاتیں کر رہا ہے اور فلسطینی حکومت ایک کمیٹی کی نگرانی سنبھال رہی ہے جو اس شعبے کا انتظام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے زور دیا ہے کہ قاہرہ نے ایک تجویز پیش کی جس میں حماس کی رضامندی اور اسرائیل کے مطالبات کو یکجا کیا گیا ہے۔