خواجہ سلمان رفیق کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا دورہ ، طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

پیر 7 اپریل 2025 16:24

خواجہ سلمان رفیق کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا دورہ ، طبی سہولیات کی فراہمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی، وزیر اعلی کمپلینٹ کانٹر، پرچی کانٹرز، میڈیسن سٹور، زنانہ و مردانہ وارڈز و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عدنان القمر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرصحت نے ادویات کی دستیابی بارے اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے مریضوں کی آسانی کیلئے کیو مینجمنٹ سسٹم کو فعال کرنے اور مریضوں کیلئے بینچوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں مریضوں کی قطاروں کے رش میں کمی کیلئے کیو مینجمنٹ سسٹم کا نظام فعال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے حالات مسلسل مانیٹرنگ سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ایم ایس حضرات مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ہسپتالوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کئے جا رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں اور ڈیوٹی روسٹرز ہر وارڈ میں نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ مریضوں کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔ہسپتالوں کے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہسپتالوں کا دورہ کرکے مریضوں سے طبی سہولیات بارے براہِ راست فیڈ بیک لیا جا رہا ہے۔مریضوں کی شکایات پر موقع پر ہی ایم ایس صاحبان کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔