کراچی میں پانی کا مسئلہ حل اور ڈمپر مافیا کو قابو کیا جائے، آفاق احمد

طلبا سے کی جانے والی زیادتیاں بند کی جائیں،عوام 12تاریخ کو سفید پرچم لے کر نکلیں اور بتائیں کہ یہ زندہ لوگوں کا شہر ہے،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ

پیر 7 اپریل 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی کے طلبا سے کی جانے والی زیادتیوں کو ختم کیا جائے، شہر کا پانی کا مسئلہ حل کیا جائے اور ڈمپر مافیا کو قابو کیا جائے۔قادری ہاؤس میں کراچی کے حالات پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی بدعنوانی عروج پر ہے، ہمارا پانی چوری کرکے صنعتوں کو بیچا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو تعلیم سے محروم کیا جارہا ہے، انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ پر اپنا مطالبہ پیش کردیا ہے، رزلٹ کی کاپی طلبا کو دی جائے جس کے بعد معلوم ہوسکے کہ کوتاہی کس کی ہے، طلبا کے رزلٹ میں دس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا لیکن ان نمبروں کے بعد بھی انہیں کالجز میں داخلہ نہیں مل سکا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہری ظلم برداشت کر رہے ہیں، ڈمپر مافیا دندناتے ہوئے پھر رہے ہیں، شہر میں چلنے والے ڈمپر کا آرمی ٹینکر سے زیادہ وزن ہے، ان تمام چیزوں کو کنٹرول کرنے والی سندھ گورنمنٹ ہے، ہم مافیا کو قبول نہیں کریں گے، یہ ہمارے بزرگوں کا بنایا ہوا وطن ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں ایسے حالات پیدا نہیں ہونے دینا چاہتے جس سے ادارے پریشان ہوں، عوام بارہ تاریخ کو پرامن طریقے سے سفید پرچم لے کر نکلیں اور پیغام دیں کہ یہ زندہ لوگوں کا شہر ہے، ہم پرامن پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس شہر کے لوگوں کو انسان سمجھا جائے، تعلیم میں ہونے والی زیادتیوں کو بند کیا جائے، 12 اپریل کو کوئی سیاسی جھنڈا نہیں ہوگا بس سفید جھنڈا ہوگا۔