میٹرک کے امتحانات شروع؛ کئی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ، بعض جگہوں پر پرچہ آؤٹ

مجموعی طور پر لاکھوں طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 اپریل 2025 11:28

میٹرک کے امتحانات شروع؛ کئی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ، بعض جگہوں پر ..
کراچی/پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2025ء ) کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہوگیا، کئی امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہوچکا ہے اور لاکھوں طلبہ و طالبات امتحانی مراکز میں امتحان دینے پہنچے، امتحانات کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، بورڈ کی طرف سے تمام طلبہ و طالبات کو کمپیوٹرائزڈ آن لائن ایڈمٹ کارڈ کا اجراء کیا گیا، مجموعی طور پر 3 لاکھ 75 ہزار طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا، امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا گیا، بورڈ ھکام نے امتحان سے متعلق بنائے گئے واٹس ایپ گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کراچی میں ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے کہا کہ اگر واٹس ایپ گروپوں میں پرچہ آؤٹ ہوا تو آؤٹ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کرے گا، طلبہ ہرگز کسی امتحانات سے متعلق کسی واٹس ایپ گروپ کا حصہ نہ بنیں، واٹس ایپ گروپوں میں طلبہ کو گمراہ کرنے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹا جائے گا، واٹس ایپ گروپوں کے ایڈمن سمیت ممبران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

اسی طرح چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سہو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات میں 3 لاکھ 80 ہزار طلبہ امتحانات دیں گے، 499 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو کاپی والوں کو بند کرنے کی درخواست کی ہے، امتحانی مراکز میں بجلی کی مسلسل فراہمی کی ہدایت کی ہے، رینجرز اور پولیس کو بھی مدد کے لیے لکھا، ہمارے سارے انتظامات مکمل ہیں، ہم نے پوری کوشش کی ہے کہیں غلطی نہ ہو، میڈیا سے گزارش ہے کہ اگر کہیں غلطی دیکھیں تو ہمیں مطلع کریں۔

بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں بھی میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا تاہم امتحانات میں نقل ختم نہ ہوسکی، کوہاٹ بورڈ کے زیر انتظام کرک میں بھی میٹرک امتحانات آج سے شروع ہوئے جہاں میٹرک امتحانات میں ٹوٹل ایک لاکھ طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں، نویں جماعت کے 49 ہزار اور دسویں جماعت کے 51 ہزارطلبہ و طالبات امتحان دے رہے ہیں، میٹرک امتحان کے لیے 319 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے کرک میں میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کے دعوے دھرے کے دھرے رہگئے کیوں کہ کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام کرک میں 10 ویں جماعت کے اسلامیات کا پرچہ ایک روز قبل ہی آؤٹ ہو گیا، اسلامیات پارٹ ٹو کا پرچہ فوٹو سٹیٹ کی دکانوں پر ملنے لگا جب کہ ضلع کرم اور شمالی وزیر ستان میں امن و امان کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر میٹرک کے امتحان ملتوی کردیئے گئے۔