سابق کمشنر مظفرآباد کے جاتے ہی شہر اقتدار ایک بار پھر قبضہ مافیا، تجاوزات مافیاکا راج

منگل 8 اپریل 2025 16:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء) سابق کمشنر مظفرآباد کے جاتے ہی شہر اقتدار ایک بار پھر قبضہ مافیا، تجاوزات مافیا، غیر قانونی رانگ پارکنگ کی زد میں مصروف ترین کاروباری مراکز سمیت مصروف ترین شاہرات کے دونوں اطراف رانگ پارکنگ کرنے والوں کی بھرمار ٹریفک پولیس بھی عاجز اگئی، تفصیلات کے مطابق سابق کمشنر مسعود الرحمن اعوان کہ تبدیل ہوتے ہی شہر اقتدار مظفرآباد پر قبضہ مافیا، لینڈ مافیا، تجاوزات مافیا خاص کر رانگ پارکنگ کرنے والوں کی جانب سے مصروف ترین شاہرات، چوکوں، چوراؤں پر یلغار کر دی گئی۔

رکشے، سوزوکیاں، بائکیا والوں نے چوکوں، چوراہوں، فٹ پاتھوں اور سڑک کے دونوں کناروں پر قبضہ جماتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے راستے مسدود کر دیے۔

(جاری ہے)

منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔ علامہ اقبال برج، ٹاہلی منڈی، سبزی و فروٹ منڈی، سی ایم ایچ چوک، بنک روڈ، اولڈ سیکرٹریٹ، اپر اڈا و دیگر مصروف ترین کاروباری مراکز، شاہراؤں کے دونوں کناروں پر غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں نے تمام تر قوانین کو جوتے کے نوک پر رکھتے ہوئے عام راہگیروں اور عوام کو شدید اذیت کا شکار کر دیا۔

سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی کے زعماء نے ارباب اختیار سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسی اعلی تربیت یافتہ شخصیت کو انتظامی پوسٹ پر تعینات کریں تاکہ شہر اقتدار مظفرآباد میں رہنے والے اس اذیت سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔