بھارت نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے،راجہ شبیر احمد

منگل 8 اپریل 2025 16:46

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے جاری کردہ بیان میں راجہ شبیر احمد نے کہا کہ بھارت نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے اور کالے قوانین نافذ کر کے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ، غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے اور دیگر کالے قوانین کے تحت حریت رہنماؤں، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ان کے جائیدادیں ضبط کی جارہی ہیں،انہیں گرفتاراورنظربند کیا جارہا ہے اوردیگر مظالم ڈھائے جارہے ہیں یہ کارروائیاں عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بھارتی ظلم و ستم کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے 5اگست 2019میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت پر حملہ کیا۔انھوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی مبنی حق جدوجہد کیلئے منظم اور متحد رہیں۔