نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کا مظفرآباد میں سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر کا دورہ

منگل 8 اپریل 2025 16:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے آزاد کشمیر کے مطالعاتی دورے کے دوسرے روز دارالحکومت مظفرآباد میں سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر مظہر اقبال نے وفد کوآزاد کشمیر میں عدالتی نظام کے تاریخی پس منظر، آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ کی آئینی حیثیت، ڈھانچے، دائرہ کار، سپریم جوڈیشل کونسل کے اختیارات اور ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر تعارفی نشست کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے مختلف سوالات کے جوابات دئے اور شرکاء نے مختلف امور پر گفتگو و شنید کی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وفد نے سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر کی لائبریری کا دورہ کیا اور مختلف کتابوں کا مطالعہ کیا۔ وفد نے عدالتی کاروائی مشاہدہ بھی کیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے وفد کی سربراہی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر محمد فاروق عدیل کر رہے تھے۔

وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز گروپ کے عبدالشکور، عثمان علی، کنور اعجاز رزاقی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے محمد عثمان اور محترمہ عطیہ، پولیس سروسز گروپ سے محترمہ عمارہ سلیم، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ گروپ سے سید کاشف حسین اور خادم حسین شاہ، پاکستان ریلوے سے جواد علی سومرو، پاکستان پوسٹل سروسز گروپ سے رضوان، پاکستان سیکرٹریٹ سروسز سے ظفر اقبال اور پروونشل مینجمنٹ سروسز کے افضال احمد قمر اور فہیم جان شامل تھے۔

ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر محمد فاروق عدیل نے رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر مظفر اقبال کا تعارفی نشست پر شکریہ ادا کیا اوروفد میں شریک ایف بی آر گروپ کے محمد عثمان نے رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر مظفر اقبال کو شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے وفد کے سربراہ کو سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے سوینئر بھی دیا۔