اسسٹنٹ کمشنر الائی احتشام جاوید کا میٹرک امتحانی سنٹر ڈگری کالج بنہ کا دورہ، کچھ طالب علموں کے خلاف نقل کرنے پر کارروائی

بدھ 9 اپریل 2025 15:18

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر الائی احتشام جاوید نے گورنمنٹ ڈگری کالج بنہ کا دورہ کیا جہاں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

دوران معائنہ اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی مراکز میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ کالج میں موجود امتحانی ہال کو استعمال میں لایا جائے کیونکہ 7 مختلف کلاس رومز میں امتحانات لینے سے روشنی کی کمی، جگہ کی تنگی اور دیگر مسائل کے باعث طلبہ کیلئے موزوں امتحانی ماحول فراہم نہیں کیا جا رہا تھا۔

مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر نے سٹاف کی حاضری چیک کی جس کے مطابق نو میں سے سات نگران عملہ موجود تھا۔ غیر حاضر عملہ کی رپورٹ موقع پر حاصل کی گئی۔ امتحانی کمروں کے معائنہ کے دوران کچھ امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا جن کے خلاف یو ایف ایم قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔