مرے حوالے سے شیر افضل مروت کا بیان بے بنیاد ہے، سردار مہتاب عباسی

بدھ 9 اپریل 2025 16:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی جانب سے ان سے متعلق حالیہ بیان بے بنیاد ہے ۔ یہاں اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت سے دو برس قبل ایک ملاقات ہوئی تھی، اس میں سیاسی تبادلہ خیال ضرور ہوا تھا لیکن اس ملاقات میں ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی جو شیر افضل مروت ان سے منسوب کر رہے ہیں ۔

سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ وہ نہ تو شاہد خاقان عباسی اور نہ ہی چوہدری نثار علی خان کے بارے میں ایسی غیر ذمہ دارانہ بات کر سکتے ہیں اور نہ ہی میں نے ایسا کچھ کہا ہے، میرے ان دونوں شخصیات سے اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور ہمیشہ پارٹی مشاورت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے،ہمارے تمام فیصلے ذاتی مفادات کی بجائے اصولوں کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ ایسے بے بنیاد بیانات صرف انتشار پھیلاتے ہیں اور سیاست میں تلخی کا باعث بنتے ہیں۔ سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ وہ ہمیشہ اصول، وقار اور خدمت کے جذبہ کے تحت سیاست کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔