افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر چاغی

بدھ 9 اپریل 2025 16:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی کا عمل جاری ہے ضلع چاغی کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو افغانستان روانہ کیا جا رہا ہےاس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ چاغی نے مختلف سہولیات کا انتظام کیا ہے تاکہ مہاجرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی عارضی رہائش، کھانے پینے، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم نے بتایا کہ افغان مہاجرین کو مکمل انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کے تحت ان کے وطن روانہ کر رہے ہیں ہر فرد کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ اپنایا جا رہا ہے ،عارضی قیام گاہوں، کھانے پینے کی اشیا، طبی سہولیات اور نقل و حمل کے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے ،حکومت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ہم چاہتے ہیں کہ یہ عمل پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور دیگر ادارے اس عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ عطاء المنیم نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ اس عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو،ضلعی سطح پر قائم کیے گئے ٹرانزٹ کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مہاجرین کو سہولیات دی جارہی ہیں اور ان کی باعزت واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :